شیعہ نیوز: مسقط میں ہونے والی اعلی سطحی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور یمن میں قومی یکجہتی کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی اور انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام کے درمیان عمان کے دارالحکومت مسقط میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں یمن میں پائیدار امن کے قیام کے لیے روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی تازہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں : مقابلہ نہیں کر سکتے تو دباؤ بناؤ، حزب اللہ سے متعلق لبنان کے صدر کا امریکا کو دو ٹوک جواب
اس موقع پر یمنی حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے یمن کی تازہ ترین زمینی صورتحال پر روشنی ڈالی اور یمنی عوام کے درمیان قومی یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی کو اجاگر کرتے ہوئے ایران کی سیاسی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے یمنی عوام کی استقامت اور اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن نے نہ صرف غیر قانونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ مسئلہ فلسطین کی حمایت میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف یمنی مزاحمت کو تاریخی اور باوقار قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے یمن میں جاری سیاسی پیش رفت اور مختلف فریقین کے ساتھ جاری مشاورت پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ یمن میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔
The post مسقط میں تہران اور صنعاء کے حکام کی ملاقات، یمن میں امن روڈ میپ پر تبادلہ خیال appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


