شیعہ نیوز: جمعیت علما پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے امریکا کی طرف سے اختیار کئے گئے تھانے دارانہ طرزِ عمل کو عالمی امن کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ امریکا کی اس روش سے نیو ورلڈ آرڈر کے خدوخال واضح ہونا شروع ہو چکے ہیں، امریکا بدمست ہاتھی کی طرح کمزور ممالک پر حملے اور طاقتور ریاستوں کو مسلسل دھمکیوں کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بارود کی آگ میں جھونکنے اور عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے کی پالیسی پر اقوامِ عالم اور عالمی اداروں کی خاموشی انسانیت کے خلاف سنگین جرم کے مترادف ہے۔
صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ اگر اس جارحانہ طرزِ عمل کا فوری سدباب نہ کیا گیا تو دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو جائے گی جہاں امن، خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین محض کتابی الفاظ بن کر رہ جائیں گے، کیونکہ امریکہ طاقت کے نشے میں دنیا کے وسائل کو اپنی جاگیر سمجھ بیٹھا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ طاقت کے بجائے انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے اور ہر اس قوت کے خلاف مؤثر کارروائی کرے، جو عالمی امن کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے خبردار کیا کہ اگر آج دنیا نے اس طرزِ عمل کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند نہ کی تو آنے والی نسلیں ہمیں خاموش تماشائی کے طور پر یاد رکھیں گی۔
The post امریکا کا تھانیدارانہ طرز عمل عالمی امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


