spot_img

ذات صلة

جمع

بلوچستان کے مبلغین کا اجلاس، سفیران ہدایت سیمینار کا انعقاد

شیعہ نیوز: مرکز تبلیغات اسلامی بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان بھر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مبلغین کا ایک اہم اجلاس جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیینؐ جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد دینی تبلیغ کے فروغ، علماء و مبلغین کی عصرِ حاضر میں ذمہ داریوں کے تعین اور موجودہ فکری و عالمی چیلنجز کے تناظر میں امت کی رہنمائی کو مؤثر بنانا تھا۔ اجلاس دو اہم نشستوں پر مشتمل تھا۔ جس کی پہلی نشست کا عنوان “سفیران ہدایت سیمینار” تھا، جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت اور صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ عمران حیدر، مولانا منور حسین سولنگی اور علامہ سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر جامعہ بعثت کے حجت الاسلام مولانا عمران حیدر نے “مسجدِ حدید (مسجد کا اسلامی معاشرے میں کردار)” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اسلامی معاشرے کا مرکزی اور بنیادی ادارہ ہے۔ مسجد عبادت الٰہی کے ساتھ ساتھ قوم کی ہدایت، تعلیم، تربیت اور اصلاح کا مرکز ہوتی  ہے۔ مولانا منور حسین سولنگی نے اپنے خطاب میں نہج البلاغہ سے حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے خطبات کا حوالہ دیتے ہوئے عدل، تقویٰ اور اجتماعی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی، جبکہ علامہ سیف علی بلوچ نے “قرآنِ کریم: کتابِ ہدایت” کے عنوان سے علمی و فکری خطاب پیش کرتے ہوئے قرآن مجید کو انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات قرار دیا۔

اسی طرح اجلاس کی دوسری نشست ماہِ جنوری کے شہداء اور عشرۂ تکریمِ شہداء کی مناسبت سے منعقد ہوئی، جس میں سردار شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المهندس اور دیگر عظیم شہداء اسلام کو شاندار اور پراثر انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تکریم شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امت مسلمہ سردار شہید قاسم سلیمانی کی مجاہدانہ زندگی، بے مثال استقامت، بصیرت اور داعشی دہشت گردوں کے خلاف ان کی تاریخی جدوجہد کو کبھی نہیں بھلا سکتی۔ شہداء کا راستہ حق و صداقت، عزت اور آزادی کا راستہ ہے، جو امت مسلمہ کی بیداری اور استقامت کا ضامن ہے۔ اجلاس کے اختتام پر بلوچستان کے علمائے کرام اور مبلغین نے ایک مشترکہ پیغام ریکارڈ کراتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے زیر اثر دجالی میڈیا کی جانب سے رہبر معظم، نائب امام، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شان میں توہین پر مبنی خبروں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے رہبر اور رہنماء ہیں، اور ان کی شان میں گستاخی ناقابل معافی جرم ہے۔ علمائے کرام نے نائب امام اور ولی فقیہ کے ساتھ اپنے کامل عشق و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای وہ مرد مجاہد ہیں جنہوں نے فلسطین، غزہ اور دنیا بھر کے مظلومین کے حق میں جرات مندانہ آواز بلند کی اور امریکہ و صہیونی رژیم اسرائیل کے عزائم کو بے نقاب کیا۔ علمائے کرام نے امریکہ اور اسرائیل کے انسان دشمن اور اسلام دشمن عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اتحاد، بیداری اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستانی عوام اسلامی جمہوریہ ایران یا کسی بھی اسلامی ملک پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کسی بھی جارحیت کو پوری امت مسلمہ پر حملہ تصور کرتے ہیں، اور ایسی صورت میں پاکستانی قوم اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

The post بلوچستان کے مبلغین کا اجلاس، سفیران ہدایت سیمینار کا انعقاد appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.

​ 

spot_imgspot_img