
سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ
بنوں میں کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد راشدین عرف ملنگ یار اور خالد عثمان عرف عثمان خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران جہنم واصل ہوگئے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کے مطابق ضلع بنوں میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فرار کی کوشش کی اور اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے بھرپور کارروائی کی۔ تقریباً 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد دونوں دہشتگرد ہلاک پائے گئے۔
ہلاک دہشتگردوں میں راشدین عرف ملنگ یار وہ ماسٹر مائنڈ تھا جو 30 اپریل 2025 کو سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم پر ہونے والے حملے میں ملوث تھا، جس میں 4 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔ خالد عثمان عرف عثمان 2023 کے دوران متعدد حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا اور نومبر 2023 میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں پر حملے کر چکا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 6 میگزین، 23 راؤنڈز، 2 دستی بم، 2 موبائل فون اور کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔


