شیعہ نیوز: مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور سوڈانی خودمختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے سوڈانی عوام کے خلاف جاری جرائم کو فوری روکنے اور ذمہ داروں کے احتساب پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے قاہرہ کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے مصری صدر جنرل عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر السیسی نے سوڈان کی وحدت، خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے مصر کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مصر سوڈان میں قیامِ امن کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کا ڈرون طیارہ تباہ
دونوں رہنماؤں نے سوڈان کی تازہ ترین میدانی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سوڈانی عوام کے خلاف جاری انسانیت سوز جرائم کو فوری طور پر بند کیا جائے اور ان واقعات میں ملوث افراد کا محاسبہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید مطالبی کرتے ہوئے کہا کہ جاری تنازعے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مشکل حالات کے پیشِ نظر، سوڈانی عوام کی امداد اور تعاون کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کیا جائے۔
جنرل البرہان نے موجودہ بحران کے خاتمے کے لیے مصر کی مسلسل حمایت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
واضح رہے کہ سوڈان گزشتہ طویل عرصے سے داخلی خانہ جنگی کا شکار ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں اور ملک کو شدید انسانی و معاشی بحران کا سامنا ہے۔ مصر، سوڈان کا پڑوسی ملک ہونے کے ناطے اس بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
The post قاہرہ: السیسی اور البرہان کی ملاقات، سوڈان میں قتل و غارت گری روکنے کا مطالبہ appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


