شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے گذشتہ شب اور پیر کی صبح سے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کی مختلف گورنریوں میں ایک وسیع فوجی مہم شروع کر رکھی ہے، جس کے دوران گھروں پر دھاوے بولے گئے، درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جن میں فلسطینی قانون ساز کونسل کے ایک رکن اور بچے بھی شامل ہیں، اسی دوران صہیونی آبادکاروں نے شہریوں کی املاک کو نشانہ بناتے ہوئے شدید حملے کیے۔
نابلس گورنری میں نمایاں زمینی کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں اسرائیلی فوج نے کئی اطراف سے نابلس شہر اور بلاطہ کیمپ پر دھاوا بولا اور درجنوں گھروں کی تلاشی لی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کی ٹیموں نے بلاطہ کیمپ پر یلغار کے دوران قابض اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے شہریوں پر بدترین تشدد کے نتیجے میں پانچ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔
ادھر صہیونی آبادکار ملیشیاؤں نے جنوب میں واقع جوریسہ گاؤں کے اطراف حملہ کیا اور شہریوں کے ایک گھر کو آگ لگا دی، جبکہ قابض اسرائیلی فوج نے عورتا گاؤں اور بلاطہ البلدہ میں بھی دھاوا بولا۔
یہ بھی پڑھیں : اعلیٰ ایرانی عہدیدار کی بیٹی کو امریکی یونیورسٹی نے برطرف کردیا
طوباس شہر میں قابض افواج کے داخل ہونے اور متعدد محلوں کا محاصرہ کرنے کے بعد شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں، اس دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
طولکرم میں قابض اسرائیلی افواج نے بلدہ علار شُویکہ کی بستی اور بلدہ بلعا میں ایک بڑی فوجی کارروائی انجام دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیل نے فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن ریاض رداد کو طولکرم کے شمال میں واقع بلدہ صیدا میں ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔
اسی طرح قابض افواج نے بلدہ علار میں متعدد گھروں کو چھاپوں کے بعد فوجی چھاؤنیوں میں تبدیل کر دیا اور درجنوں شہریوں کو ہراساں کیا۔
جنین میں قابض اسرائیلی افواج نے عرابہ کفر راعی فحمہ اور الجدیدہ کے دیہات اور بلدات پر دھاوا بولا، جہاں گھروں کی بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی اور سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی۔
مقبوضہ القدس میں قابض افواج نے قلندیا اور شعفاط کے کیمپوں پر یلغار کی، ذرائع کے مطابق قلندیا کیمپ میں گھر پر چھاپے کے دوران اسیرِ رہائی پانے والے صامد عفانہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
رام اللہ میں قابض اسرائیلی افواج نے الجلزون کیمپ اور بلدہ کوبر پر دھاوا بولا، جہاں کوبر میں دو کم عمر لڑکوں امیر البرغوثی اور ابراہیم خالد ابو عیوش کو ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا۔
مغربی کنارے کے جنوب میں قابض افواج نے بیت لحم کے مشرق اور جنوب میں واقع جناتہ العروج زعترہ اور العساکرہ کے علاقوں پر یلغار کی اور متعدد گھروں میں گھس کر شدید توڑ پھوڑ کی۔
الخلیل میں شمالی بلدات حلحول اور بیت امر کو نشانہ بنایا گیا، مقامی ذرائع نے تصدیق کی کہ بیت امر میں قابض افواج نے 14 سالہ بچے یوسف زہدی عوض کو اس کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا، اس کارروائی کے دوران علاقے کے مکینوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا گیا۔
یہ مہم مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں قابض اسرائیل کی جانب سے جاری مسلسل جارحیت کا حصہ ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کا گھیرا تنگ کرنا اور معاشرے کے ہر طبقے کے خلاف گرفتاریوں کی رفتار میں اضافہ کرنا ہے، یہ سب فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی سفاکیت اور منظم جبر کی ایک اور واضح تصویر ہے۔
The post مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی یلغار، چھاپے گرفتاریاں اور آبادکاروں کی پرتشدد کارروائیاں appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


