شیعہ نیوز: یمن کی وزارتِ خارجہ نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے وینزویلا پر امریکی فوجی حملے اور صدر نکولس مادورو کے مبینہ اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
المسیرہ نیٹ ورک کے حوالے سے یمنی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم وینزویلا پر امریکی جارحیت اور وہاں کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کے اغوا کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ نے جو کچھ کیا ہے وہ اقوامِ متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین اور وینزویلا کی خودمختاری، استحکام اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام دوسرے ممالک خصوصاً لاطینی امریکہ کے داخلی امور میں امریکی مداخلت کی طویل تاریخ کا تسلسل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تیل کے لالچ میں ٹرمپ نے بین الاقوامی قوانین پامال کردیے، سابق سی آئی اے افسر
یمنی وزارتِ خارجہ نے زور دے کر کہا کہ وینزویلا پر امریکی حملہ واشنگٹن کے اس نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے جو سیاسی بدمعاشی، طاقت کے استعمال، قانونِ جنگل اور عوام کے وسائل کی غارت گری پر مبنی ہے۔
وزارت نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کریں، اس جارحانہ کارروائی کی مذمت کریں اور بین الاقوامی قوانین کے احترام سمیت ممالک کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یمن کی تحریکِ انصار اللہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے وینزویلا پر امریکی فوجی جارحیت کی بھرپور مذمت کی تھی۔
The post وینزویلا کے صدر کا اغوا، سیاسی بدمعاشی اور غارت گری ہے، یمن appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


