شیعہ نیوز: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا میں آئندہ 30 روز کے دوران کوئی انتخابات نہیں ہوں گے اور ملک ایک طویل عبوری مرحلے سے گزرے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن اس وقت وینزویلا کے ساتھ حالت جنگ میں نہیں ہے اور امریکہ اس ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکیاں بند کریں، ڈینمارک کی وزیراعظم کا ٹرمپ سے مطالبہ
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں نئے انتخابات آئندہ 30 روز کے اندر منعقد نہیں ہوں گے، بلکہ پہلے اس ملک کے سیاسی اور معاشی ڈھانچے میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق امریکی حکام کا ایک گروپ اقتدار کی منتقلی کے مرحلے کی نگرانی کرے گا۔
امریکی صدر نے حالیہ کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن کی مداخلت کا مقصد اس ملک کی تعمیر نو اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ نکولس مادورو کی برطرفی ان کے قریبی ساتھیوں کی مدد کے بغیر ممکن بنائی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وینزویلا میں عبوری مرحلہ ممکنہ طور پر 18 ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی افواج نے ہفتے کے روز بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وینزویلا پر حملہ کیا، جس کے دوران اس ملک کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر دیا گیا۔
واشنگٹن کے اس غیر معمولی اقدام پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض مغربی حکومتوں نے اسے بدعنوانی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی قرار دیا ہے، جبکہ دیگر ممالک اور غیر ملکی مداخلت کے مخالف حلقوں نے اسے وینزویلا کی قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
The post وینزویلا کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کا اگلا نقشہ سامنے آگیا، انتخابات کب اور کیسے ہوگا؟ appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


