شیعہ نیوز: بلوچستان کے ضلع کچھی کی تحصیل ڈھاڈر میں انجمن سادات جعفریہ کی طرف سے مرکزی امام بارگاہ ڈھاڈر میں امام علی علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے جشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہلبیت بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے خصوصی خطاب کیا اور مولا علی علیہ السلام کی سیرت اور فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولا علی (ع) علم و حکمت کے بے مثال سرچشمے ہیں۔ آپؑ نے ہر لمحہ اپنی زندگی اللہ کی رضا اور انسانیت کی خدمت میں گزاری۔ آپؑ کی شجاعت اور عدل کا عالم یہ ہے کہ ظلم و جبر کے سامنے کبھی پیچھے نہ ہٹے اور حق کے لیے ہمیشہ آگے بڑھتے رہے۔ مولا علیؑ اپنے پیروکاروں اور امت کے لیے محبت اور قربانی کی اعلیٰ مثال ہیں۔ آپؑ نے اخلاص، تقویٰ اور عبادت میں ایسے کمالات دکھائیں جو ہر مسلمان کے لیے مشعل راہ ہیں۔ مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم مولا علی (ع) کی سیرت کو اپنی زندگی میں نافذ کریں۔ علم، شجاعت، عدل، محبت اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں تاکہ معاشرہ میں امن، محبت اور بھائی چارہ قائم ہو۔
The post ڈھاڈر، ولادت مولا علی (ع) کی مناسبت پر جشن کا انعقاد appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


