شیعہ نیوز: ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیلی حکومت 12 روزہ جنگ میں شکست کے بعد ملک میں بدامنی اور فسادات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل موسوی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور صیہونی حکومت کی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ نرم جنگ کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملک میں بدامنی اور فسادات پیدا کیے جائیں تاکہ مسلط کی گئی 12 روزہ جنگ میں ہونے والی شکست کا ازالہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خان یونس میں اسرائیلی حملے میں چار فلسطینی شہید، وسطی غزہ میں عمارت گرنے سے شہری جاں بحق
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ اور اسرائیلی حکومت اس بے نتیجہ جارحیت سے مایوس ہو گئے اور انہیں اس مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے ایک نیا منصوبہ ترتیب دیا، جس کے تحت نرم جنگ کے ہتھکنڈے اور معاشی دباؤ استعمال کرتے ہوئے ملک میں عدم تحفظ اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
میجر جنرل موسوی نے کہا کہ جب چند دکانداروں نے کرنسی کی قدر میں استحکام اور کاروباری حالات کی بہتری کے لیے جائز اور قانونی احتجاج کیا تو دشمن نے جلد بازی اور لالچ میں تربیت یافتہ عناصر کو میدان میں اتار دیا تاکہ عوام کی پرامن زندگی اور سلامتی کو نقصان پہنچایا جائے اور احتجاجی اجتماع کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے نفسیاتی کارروائیوں اور ذہنی جنگ کے طریقوں سے فسادات کو ہوا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم خوش قسمتی سے ایرانی قوم نے جو دشمن کو بخوبی پہچانتی ہے اپنے صفوں کو فسادی عناصر سے الگ کر لیا۔
ایرانی فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے قانون نافذ کرنے والے ادارے فسادیوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، اور ایرانی عوام اپنے انقلابی طرزِ عمل کے ذریعے ان عناصر کو سخت جواب دیں گے جو اس قوم سے بدتمیزی اور گستاخانہ انداز میں بات کرتے ہیں۔
The post 12 روزہ جنگ میں ناکامی کے بعد دشمن نے نرم جنگ اور فسادات کو نیا ہتھکنڈہ بنا لیا ہے، جنرل موسوی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


