شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور وارثانِ شہداء جیکب آباد کے زیر اہتمام شہدائے سانحہ شبِ عاشور جیکب آباد کی دسویں برسی کی مناسبت سے ایک عظیم الشان عظمتِ شہداء کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی، مرکزی صدر عزاداری ونگ علامہ سید اقتدار حسین نقوی، مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت و صوبائی آرگنائزر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم ایمپلائز ونگ کے مرکزی صدر سلیم عباس صدیقی، اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی رہنما علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کیا۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے سانحہ شبِ عاشور نے عشقِ امام حسینؑ اور ذکرِ نواسۂ رسولؐ کے دوران اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے وفاداریِ حسینیؑ کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ سے عشق و مودت کسی ایک فرقے یا مسلک تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک عالمی اور انسانی جذبہ ہے۔ دنیا کے ہر مذہب و ملت سے تعلق رکھنے والے انسان امام حسینؑ کو محسنِ انسانیت مانتے ہیں۔ کربلا میں اربعین کے موقع پر ہونے والا عظیم اجتماع اس عشق کی روشن مثال ہے، جہاں مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر مذاہب کے لوگ نواسۂ رسولؐ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو افغانستان سے کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے فلسطین سے خیانت کی، آج وہ انسانیت کی نگاہ میں مجرم ہیں، جبکہ اللہ کے عاشق آج بھی بیت المقدس اور قبلۂ اول کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسجدِ اقصیٰ اور قبلۂ اول کے وارث صرف عرب نہیں بلکہ تمام غیرت مند مسلمان ہیں، اور اگر کوئی فلسطین کے مسئلے سے دستبردار ہونے کی کوشش کرے گا تو امتِ مسلمہ ایسی خیانت برداشت نہیں کرے گی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دشمن نے بم دھماکے کے ذریعے حسینیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی، مگر حسینی کبھی ڈرتے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یزیدیت کے مقابلے میں حسینی بے خوف و باطل شکن ہو کر نکلے، اور بم دھماکوں اور دھشت گردی کے باوجود ذکرِ حسینؑ کم نہیں ہوا بلکہ دن بدن بڑھتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جیکب آباد کا خون تحریکِ حسینی کو مزید تقویت دیتا ہے اور یہ شہداء امت کے لیے جرأت و قربانی کی مثال بنے رہیں گے۔
علامہ سید اقتدار نقوی نے کہا کہ سانحہ شبِ عاشور جیکب آباد کے شہداء نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ عشقِ حسینؑ فنا نہیں، بلکہ ابدی حقیقت ہے۔ سلیم عباس صدیقی نے شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے صبر و استقامت نے ملتِ جعفریہ کے حوصلوں کو مزید بلند کیا۔ ? اختتام پر شرکائے کانفرنس نے شہداء کے بلندیِ درجات، ملکِ پاکستان کی سلامتی، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے دعا کی۔
The post جیکب آباد: شہداء سانحہ شبِ عاشور کی دسویں برسی پر “عظمتِ شہداء کانفرنس” کا انعقاد appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


