شیعہ نیوز: حسب سابق امسال بھی 13 اور 14 رجب کو مولود کعبہ، مولائے کائنات امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی مبارک میلاد کی مناسبت سے پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری کی سرپرستی میں مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں دو روزہ عظیم الشان جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاراچنار شہر اور گردونواح کے علماء و ذاکرین، عمائدین وغیرہ سمیت ہزاروں مومنین نے شرکت کی۔ عوام کے علاوہ جلسے میں کرم بھر کی مذہبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں خصوصاً تحریک حسینی، مجلس علمائے اہلبیت، دستر خوان امام حسنؑ، علمدار فیڈریشن، پاسداران پاراچنار، مدرسہ جعفریہ اور مدرسہ رہبر معظم کے طلباء نے خصوصی شرکت کی۔
علاقائی مدح خوانوں اور ذاکرین نے مولائے متقیان کے حضور گلہائ عقیدت پیش کئے، جبکہ اس موقع پر علامہ راحب حسین کاشفی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران وصی و جانشین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل بیانے کئے۔ مولائے کائنات کے فضائل و مناقب بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولا کے فضائل کا احاطہ کرنا اہلیان منبر کے بس کی بات نہیں۔ ان کے فضائل کا احاطہ صرف اللہ و رسول اور ائمہ اہلبیت ہی کرسکتے ہیں، جبکہ ہم بطور تبرک قطرہ از دریا اور مشتی از خروارے کے مصداق کچھ عرائض پیش کرتے ہیں۔ مومنین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے انہوں نے متنبہ کیا کہ فضائل پر اکتفا کرنا ہماری ناکامی ہے۔ مولا کے فضائل صرف سننے تک محدود نہ رکھیں، بلکہ ان کی سیرت و کردار کو اپنی زندگی کا عملی نمونہ بنانا ہی ہمارا ہدف ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا ہمارے لوگ مولا کی جنگوں کے واقعات ہی کو زیادہ پسند کرتے ہیں اور انکی بہادری کے قصے سننا پسند کرتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مولا کی زندگی کا اہم ترین پہلو اللہ کی بندگی، عبادت اور سخاوت ہے۔ جسے ہم بیان ہی نہیں کرتے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مولا کی زندگی کے ہر پہلو کو اپنی زندگی کا عملی نمونہ قرار دیں۔ وہ بہادر تھے اور کبھی جنگ سے فرار نہیں کیا۔ آپ بھی انہی کی طرح بہادر اور غیر فرار بنیں۔ مولا سخی تھے، آپ بھی سخاوت کریں۔ مولا یتمیوں کی کفالت فرماتے تھے۔ خود کو اسی پیمانے میں تولیں کہ آپ کتنے یتیموں کی کفالت کرتے ہیں۔ مولا عبادت سے عشق رکھتے تھے۔ نماز اور روزے سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔ اپنے آپ کو پرکھیں کہ اس میدان میں آپ کہاں کھڑے ہیں۔ جلسے کے اختتام پر مجلس پڑھائی گئی۔ آخر میں دعائے خیر کی گئی، شرکاء اور مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔
The post 13 رجب مولود کعبہ کی ولادت باسعادت کی مناسب سے پاراچنار میں عظیم الشان جلسہ appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


