شیعہ نیوز: پاکستان اور بنگلا دیش کی فضائیہ کے سربراہان نے اسلام آباد میں ایک انتہائی اہم ملاقات کی ہے۔
ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی معاہدے پر بات چیت ہوئی، جس کے تحت بنگلا دیش کو جے ایف۔17 تھنڈر لڑاکا طیارے فروخت کیے جانے کا امکان ہے۔
فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے بنگلا دیشی ہم منصب حسن محمود خان نے چین کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کردہ ملٹی رول جنگی طیارے جے ایف۔17 تھنڈر کی خریداری پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس دورے نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مضبوط تاریخی روابط کو اجاگر کیا ہے، جبکہ یہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور طویل مدتی اسٹریٹیجک شراکت داری قائم کرنے کے مشترکہ عزم کا بھی عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی یمن کی عبوری کونسل کے سربراہ کے فرار کے بارے میں متضاد خبریں
پاکستان کی فوج نے کہا کہ بنگلا دیش کو سُپر مشاق ٹرینر طیارے بھی جلد فراہم کیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ تربیت اور طویل المدتی تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔
حالیہ کچھ عرصے سے پاکستان اپنے ہتھیاروں کی برآمد بڑھا رہا ہے۔ پاکستان حال ہی میں جے ایف۔17 طیاروں کی فراہمی کے معاہدے آذربائیجان اور لیبیا کے ساتھ بھی کر چکا ہے۔
منگل کو پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی ہتھیاروں کی صنعت کی کامیابی ملکی معاشی صورتحال کو تبدیل کر سکتی ہے۔
خواجہ آصف نے نجی چینل سے گفتگو کے دوران کہا، ’’ہمارے طیاروں کا امتحان ہو چکا ہے اور ہمیں اتنے آرڈر مل رہے ہیں کہ شاید چھ ماہ میں پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ضرورت نہ رہے۔‘‘
The post پاکستان بنگلہ دیش کا تاریخی دفاعی معاہدہ عنقریب ہونے والا ہے appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


