شیعہ نیوز: نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا ہے کہ یورپ امریکہ کے بغیر اپنا دفاع کرنے کے قابل نہیں۔
مارک روٹے نے یورپی قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یورپ یا یورپی یونین امریکہ کے بغیر خود کو محفوظ رکھ سکتی ہے تو وہ ’خواب دیکھ رہا ہے۔‘
مارک روٹے کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکہ ایک دوسرے کے محتاج ہیں اور امریکہ کے بغیر یورپ اپنی آزادی کا سب سے بڑا ضامن کھو دے گا جو کہ امریکی جوہری تحفظ (نیوکلیئر امبریلا) ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ہفتوں میں گرین لینڈ کو ضم کرنے کی دھمکیوں کے بعد نیٹو کے اندر کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ گرین لینڈ، نیٹو کے رکن ملک ڈنمارک کا نیم خودمختار علاقہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپ بھارت سے تجارتی معاہدے کے ذریعے اپنی ہی جنگ کو فنڈ کر رہا ہے، امریکہ
امریکی صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کے یورپی حامیوں پر ٹیرف لگانے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم بعد میں معدنیات سے مالا مال جزیرے گرین لینڈ پر ایک فریم ورک معاہدے کے بعد دھمکیاں واپس لے لی گئیں جس میں مارک روٹے نے کردار ادا کیا تھا۔
مارک روٹے کا کہنا ہے کہ اگر یورپ واقعی امریکہ کے بغیر اکیلا کھڑا ہونا چاہتا ہے تو دفاعی اخراجات کو 5 فیصد نہیں بلکہ 10 فیصد تک بڑھانا ہوگا اور اپنی جوہری صلاحیت بھی بنانی پڑے گی جس پر اربوں یورو خرچ ہوں گے۔
مارک روٹے نے خبردار کیا کہ امریکہ کے بغیر یورپ اپنی سلامتی اور آزادی برقرار نہیں رکھ سکے گا۔
یاد رہے کہ نیٹو کے حالیہ اجلاس میں یورپی ممالک اور کینیڈا نے 2035ء تک مجموعی قومی پیداوار (GDP) کا 5 فیصد دفاع اور سیکیورٹی پر خرچ کرنے پر اتفاق کیا تھا تاہم اسپین اس معاہدے سے الگ رہا۔
فرانس کی جانب سے بھی یورپ کی ’اسٹریٹجک خودمختاری‘ کے مطالبے کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔
The post یورپ امریکہ کے بغیر اپنا دفاع کر سکتا ہے تو یہ اس کا خواب ہے، نیٹو چیف appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


