شیعہ نیوز: روس نے ایلون مسک کے اسٹار لنک (Starlink) کے مقابلے میں اپنا سیٹلائٹ انٹرنیٹ سسٹم لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روسی خلائی ایجنسی روس کوسموس (Roscosmos) کے سربراہ دمتری باکانوف کے مطابق، ماسکو کی جانب سے 300 سے زائد سیٹلائٹس مدار میں بھیجے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق روسی خلائی ایجنسی کے سربراہ دمتری باکانوف نے بتایا ہے کہ روس 2027ء تک اپنا سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک لانچ کر دے گا، جو ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کے اسٹار لنک کی طرح کام کرے گا۔
اس روسی نظام کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے 300 سے زائد سیٹلائٹس زمین کے نچلے مدار میں بھیجے جائیں گے۔ باکانوف نے روسی ساختہ انٹرنیٹ ٹرمینل کا نمونہ بھی دکھایا اور بتایا کہ اس ہارڈویئر کی بڑے پیمانے پر پیداوار (Serial Production) رواں سال کے اختتام سے پہلے شروع ہو جائے گی۔ اس منصوبے کا مقصد ان تمام علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جہاں زمینی مواصلاتی نیٹ ورک موجود نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گرین لینڈ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے سامنے نہیں جھکوں گا، برطانوی وزیراعظم
اس وقت اسٹار لنک دنیا کا سب سے بڑا سیٹلائٹ نیٹ ورک ہے جس کے 9,000 سے زائد سیٹلائٹس مدار میں موجود ہیں اور 150 سے زائد ممالک میں اس کے 90 لاکھ سے زیادہ صارفین ہیں۔ تاہم، یہ سروس سرکاری طور پر روس میں دستیاب نہیں ہے۔
روسی پارلیمنٹ کی انفارمیشن پالیسی کمیٹی کے سربراہ، سرگئی بویارسکی کا کہنا ہے کہ: “یہ نظام امریکہ کے اسٹار لنک سسٹم کو ماسکو کا جواب ہو گا۔ یہ منصوبہ روس کے دور دراز علاقوں میں مواصلاتی انقلاب لائے گا اور اتحادی ممالک کو بھی اس تک رسائی دی جائے گی۔
یوکرین کے ساتھ جاری تنازع میں اسٹار لنک نے یوکرینی افواج کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس کی مدد سے وہ ڈرون سسٹمز چلانے اور آپریشنز کی نگرانی کرتے ہیں۔ یوکرینی حکام کے مطابق 2022ء سے اب تک انہیں 50,000 سے زیادہ ٹرمینلز موصول ہوئے ہیں۔
ایلون مسک نے بھی اسٹار لنک کو یوکرینی فوج کی “ریڑھ کی ہڈی” قرار دیا تھا۔ دوسری جانب، روس نے اس ٹیکنالوجی کے جنگی مقاصد کے لیے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسٹار لنک کے سگنلز کو جام کرنے کے لیے الیکٹرانک وارفیئر کے طریقے بھی تیار کیے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق سٹارلنک امریکہ کے توسیع پسندانہ عزائم اور استعماری ایجنڈوں کی تکمیل کا اہم ترین ہتھیار کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ حال ہی میں ایران میں امریکہ اور اسرائیل کے سپانسرڈ فسادات کے دوران بھی اسٹارلنک کا اہم کردار رہا۔
ٹرمپ کی سفارش پر ایلون مسک نے ایران میں سٹارلنک کی سروس مفت کر دی ہے تاہم حال ہی میں سامنے آنے والی خبروں کے مطابق ایران نے اسٹار لنک سگنلز کو جام کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جو کہ امریکہ کیلئے ایک پڑا سرپرائز ثابت ہوا ہے۔
The post روس کا اسٹار لنک کے مقابلے میں اپنا سیٹلائٹ انٹرنیٹ سسٹم لانچ کرنے کا اعلان appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


