شیعہ نیوز: پاسداران انقلاب اسلامی کے سیاسی معاون یداللہ جوانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو آبنائے ہرمز سے گزرنے والی سات اہم زیرسمندر انٹرنیٹ کیبلز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سیاسی معاون بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی نے کہا کہ ایران نے دفاعی مرحلے میں بھرپور اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور امریکہ و اسرائیل کو ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کا انہوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔
چونکہ دشمنوں کے لیے اپنی شکست تسلیم کرنا مشکل ہے، اس لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی آئندہ کارروائیاں دانش مندانہ اور بعض صورتوں میں جارحانہ نوعیت کی ہوں گی۔
یداللہ جوانی نے کہا کہ ایران کی حکمتِ عملی میں جارحانہ اقدامات اور دفاعی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے والے اقدامات شامل کرنے کا مقصد امریکہ کو مستقبل میں ایران پر حملے کے خیال سے بھی باز رکھنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں امریکہ، یورپی ممالک، اسرائیل اور امریکہ کے حامی ممالک کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کے لیے بھی پوری طرح واضح ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اعتماد بحال کرے، تبھی مذاکرات ہوں گے، محسن رضائی
خطے میں امریکہ کے فوجی اڈے تباہ ہو چکے ہیں اور دور دراز علاقوں میں موجود امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز میں زیر سمندر انٹرنیٹ کیبلز کو نشانہ بنانے کے امکان پر بات کرتے ہوئے سپاہ پاسداران کے سیاسی معاون نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خطے میں بڑے پیمانے پر مفادات اور اثاثے موجود ہیں۔
اگر وہ ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے تو اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے سمندر کے نیچے سے گزرنے والی سات اہم انٹرنیٹ کیبلز سمیت امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے اثاثوں کو آسانی سے تباہ کیا جاسکتا ہے، جس سے امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
The post بنیادی ڈھانچے پر حملہ ہوا تو آبنائے ہرمز میں انٹرنیٹ کیبلز کو نشانہ بنائیں گے، کمانڈر سپاہ پاسداران appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


