شیعہ نیوز: ملتان میں ادارہ خودی کے زیرِ انتظام چلنے والے یتیم خانوں ہمدرد ہاؤس اور فاطمہ ہاؤس کو بند کرنے کا فیصلہ نامناسب ہے۔ انتظامیہ سے اپیل ہے کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لیا جائے اور ان اداروں میں مقیم بچوں کے مستقبل، تعلیم، رہائش اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔کسی ادارے کے انتظامی معاملات یا ممکنہ بے ضابطگیوں کا حل بچوں کو ان کی محفوظ پناہ گاہ سے محروم کرنا نہیں ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شکایت یا قانونی مسئلہ موجود ہے تو اس کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، لیکن اس عمل میں معصوم بچوں کو سزا نہ ملے۔یتیم بچوں کو محض چھت نہیں، تحفظ، محبت اور اپنائیت بھی درکار ہوتی ہے۔
ملتان میں ایک الیکٹریکل ورکشاپ کے ٹھیکیدار توقیر نذیر کے ہاتھوں گاڑی کے نیچےکچل کر ہلاک ہونے والے معصوم بچے وسیم عباس کی والدہ ، نانا اور چچا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ادارہ خودی یا ہمدردہاؤس انتظامیہ بے قصور ہے، ہم نے خود اجازت دیکر وسیم کو ورکشاپ پر کام سکھانے بھیجاتھا، اس ادارے سے سینکڑوں معصوم بچوں کا روشن مستقبل وابستہ ہے لہذا اس ادارے کی بندش کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ اور نیتن یاہو کی دھمکیوں سے طاقت نہیں، مایوسی اور بے بسی جھلکتی ہے: محمد مخبر
اسی طرح دیگر بےگھرہونے والے بچوں اور ان کے اہل خانہ نے بھی ہمدردہاؤس کی دوبارہ بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے بچوں کو ایک محفوظ سائبان میسر آئے جہاں نا صرف ان کی بہترین تعلیم اور تربیت کا انتظام تھا بلکہ انہیں تین وقت بہترین کھانا اور اچھا لباس بھی میسر تھا، ہم وہ سہولیات اپنے بچوں کو نہیں دے سکتے جو ادارہ خودی دے رہا تھا۔
ریاست اور متعلقہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بچوں کے بہترین مفاد کو مقدم رکھیں۔ ہمدرد ہاؤس اور فاطمہ ہاؤس کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے بچوں کے تعلیمی، نفسیاتی اور معاشرتی تحفظ کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمدرد ہاؤس اور فاطمہ ہاؤس کی بندش کے فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے، بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جائے اور ایسا قابلِ عمل حل نکالا جائے جس میں قانون کی پاسداری کے ساتھ بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود بھی محفوظ رہیں۔اداروں کے معاملات کی اصلاح ضرور کی جائے، مگر معصوم بچوں کے مستقبل کی قیمت پر نہیں۔
The post وسیم عباس قتل کیس، ادارہ خودی کے زیر اہتمام قائم ہمدردہاؤس کی بندش متاثرہ بچوں کے اہل خانہ کی جانب سے مسترد appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


