شیعہ نیوز:غزہ شہر میں واقع اسلامی یونیورسٹی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے وقت طلبہ یونیورسٹی میں کلاسز لے رہے تھے۔
اسلامی یونیورسٹی کے عملے سے وابستہ دو ذرائع نے بتایا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد انتظامی عملے کے ارکان تھے جبکہ زخمیوں میں طلبہ بھی شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت تعلیم نے یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور تعلیمی اداروں پر حملوں کے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی ایسے واقعات کے تسلسل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
وزارت تعلیم کے بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ کا اعلیٰ تعلیمی شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور جنگ کے نتیجے میں تعلیمی اداروں کی 95 فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تعلیمی ادارے پر یہ حملہ تعلیم کے شعبے کو نشانہ بنانے والے مسلسل واقعات کا حصہ ہے۔ گزشتہ چھ روز کے دوران بھی اسرائیلی حملوں میں 10 طلبہ اور اساتذہ جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ اتوار کے روز غزہ کے دیگر علاقوں میں ہونے والے واقعات میں مزید چار افراد جاں بحق ہوئے۔
اسرائیلی فوج سے جب یونیورسٹی پر حملے کے حوالے سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو اس نے کہا کہ وہ موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران تعلیمی ادارے، جامعات اور دیگر شہری تنصیبات شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ طلبہ اور اساتذہ کو بھی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
The post اسرائیل کا غزہ میں یونیورسٹی پر حملہ؛ 4 شہید اور 8 زخمی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


