شیعہ نیوز: امام جمعہ جیکب آباد و مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام جیکب آباد میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایامِ فاطمیہ منانے کا بنیادی مقصد سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی عظیم سیرتِ طیبہ، کردار، فضائل اور تعلیمات سے دنیا کو روشناس کرانا ہے۔ سیدہ فاطمہ زہراؑ کی ذاتِ مبارکہ خواتین ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے عظمت، پاکیزگی، ایثار، عبادت، صبر، حق گوئی اور استقامت کا کامل نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ کائناتؑ نے اپنی مختصر زندگی میں حق و صداقت، دفاعِ ولایت، مظلوموں کی حمایت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کا ایسا روشن باب رقم کیا جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ آپؑ کی عبادت، علم، تقویٰ، سخاوت، بصیرت اور حق کے لیے بے مثال استقامت تاریخِ اسلام کا ناقابلِ فراموش سرمایہ ہے۔ خطبۂ فدکیہ فصاحت و بلاغت، علم و حکمت، توحید، معرفتِ الٰہی اور سیاسی و دینی بصیرت کا عظیم سرچشمہ ہے۔ عالمِ انسانیت بالخصوص خواتین کو چاہیے کہ وہ سیدہ کائناتؑ کی سیرتِ طیبہ کو اپنا نمونۂ عمل بنا کر اپنی دنیا و آخرت سنواریں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ ناصبی فکر اور دشمنانِ اہلِ بیتؑ کے تاریخی کردار کو بے نقاب کرنے کے لیے مولانا اللہ وسایا کی کتاب احتسابِ ناصبیت دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق ایک اہم علمی و تحقیقی کاوش ہے۔ آج منظم انداز میں تاریخی حقائق کو مسخ کرکے دشمنانِ اہلِ بیتؑ کو امتِ مسلمہ کے ہیرو بنا کر پیش کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ عالمِ اسلام، بالخصوص برادرانِ اہلِ سنت کو ایسی سازشوں کا علمی، فکری اور تحقیقی بنیادوں پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ آلِ رسولؐ اور آلِ محمد ﷺ سے محبت ایمان کا تقاضا ہے، جبکہ ان سے بغض و عداوت کفر و نفاق کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قوم امریکی دھوکے میں نہیں آئے گی، مذاکرات کی پیش کش میں سازش کا خدشہ ہے، امام جمعہ تہران
انہوں نے سانحۂ نماز جمعہ کربلا معلیٰ امام بارگاہ شکارپور کے مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سانحے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف شہداء کے مقدمے کی پیروی کرنے والے ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو، ایڈووکیٹ سید قاسم شاہ، ایڈووکیٹ منظور حسین لاڑک اور دیگر وکلاء نے بڑی جرات، بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ قانونی جنگ لڑی۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے ملزمان کی اپیلیں مسترد ہونے اور سزائے موت برقرار رہنے سے شہداء کے خاندانوں کو انصاف کی امید ملی ہے۔ ہم شہداء کے مقدمے کی پیروی کرنے والے تمام بہادر اور جرات مند وکلاء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو اور ان کے مقدس اھداف قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دہشت گردی کے خاتمے، قانون کی بالادستی اور مظلوم خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے والے اور انصاف کے حصول کے لیے قانونی جدوجہد کرنے والے وکلاء کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
The post سانحہ نماز جمعہ کربلا معلیٰ امام بارگاہ شکارپورکے مجرموں کی اپیلیں مسترد ہونا اور سزابرقرار رہناخوش آئند ہے،علامہ مقصود علی ڈومکی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


