تحریر: قیصر مسعود جعفری
علامہ ابنِ حسن جارچویؒ یک عہد کا نام ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد علم کی روشنی کو مزید پھیلانے کیلئے ابنِ حسن جارچوی صاحب کا بھی بڑا اہم کردار رہا ہے، آپ درس و تدریس کے شُعبہ سے وابستہ رہتے ہوئے تحقیق کے کاموں پر بھی گہری نگاہ رکھے ہوئے تھے اور اس مشن کو پورا کرنے اور مُستقبل پر بھی نظر رکھتے ہوئے تحقیقی کاموں کیلئے ایک مضبوط و مُستحکم ادارہ اُنکے ذہن میں مُسلسل تھا اور اسی کو دیکھتے ہوئے آپ نے ’’اسلامک ریسرچ سینٹر‘‘ کی بُنیاد ڈالتے ہوئے، اس کام کا باقاعدہ آغاز کیا اور فیڈرل بی ایریا میں مرکزی روڈ جسے اب آپ “سُپر ہائی وے” بھی کہہ سکتے ہیں اور اب یہ علاقہ بس والوں کی وجہ سے “عائشہ منزل” کہلانے لگا ہے، مگر علمی و تحقیقی ذوق والے اسکو (IRC) ہی کہتے ہیں۔ مرحوم علامہ ابنِ حسن جارچوی صاحب کی کوششوں سے لبِ سڑک ایک شاندار جگہ ملی، مسجد و امام بارگاہ بھی بن گئی اور علم و تحقیق کے کام کا آغاز بھی ہوا۔ پھر قبلہ ابنِ حسن جارچوی کے انتقال کے بعد بَحیثیت بانئ ادارہ قبلہ ابنِ حسن جارچوی کا “مرقد” بھی اسی جگہ بنایا گیا ہے۔
ابھی چند دن پہلے آئی آر سی میں جدید تحقیق کیلئے ایک ادارہ “سلوُنی” کے نام سے بنایا گیا ہے اور اسکی افتتاحی تقریب بڑی شان کے ساتھ مُنعقد کی گئی، مُجھے بھی مدعو کیا گیا تھا، مگر میری ایک اہم نوعیت کی مصروفیت کی وجہ سے شریک نہ ہوسکا، مگر میرے نمائندہ نے مُجھے پوری تفصیل سے آگاہ بھی کیا، “سلوُنی” کی افتتاحی تقریب کے ساتھ ساتھ ایک اہم نوعیت کی کتاب، جو “علامہ ابنِ حسن جارچوی” کی حیات و خدمات پر مبنی ہے، اُس کتاب کی روُنمائی بھی کی گئی، اسکے ساتھ ہی ایک “پینل ڈسکشن” کا بھی سلسلہ تھا، جس میں ممتاز اسکالر پروفیسر شہاب تہذیب جعفری، سینئر ماہرِ تعلیم اور اسکالر علامہ باقر حسین زیدی نے نہایت شاندار گفتگو فرمائی اور “سلوُنی” کی مزید وضاحت کرتے ہوئے اس ادارہ کے قیام کو سراہا۔
مُقررین نے مرحوُم علامہ ابنِ حسن جارچوی کی حیات اور خدمات کو بیان فرمایا اور تحقیقی مرکز IRC کی خدمات کو بیان فرمایا، اس شاندار، پُرمغز اور شاندار تقریب کے انعقاد میں تمام مُنتظمین کی انتھک محنت کا دخل ہے۔ علامہ ابنِ حسن جارچوی کی اس کتاب کے بارے میں یہ خاکسار، ایک الگ کالم تحریر کرے گا، میری خوشدامن کا تعلق بھی “جارچہ” سے ہے اور مرحوم علامہ ابنِ حسن جارچوی سے بھی قریبی رشتہ داری بھی ہے، میری “خوشدامن” گُذشتہ سال سے شدید بیمار ہیں اور اپنے ڈاکٹرز بیٹوں ڈاکٹر ناصر نقوی اور ڈاکٹر نصیر نقوی کے ساتھ امریکہ کے شہر “ہیوُسٹن”میں مُقیم ہیں، اُنکی صحتیابی کیلئے آپ سب سے “دعُائے صحّت” کی درخواست ہے۔ دعُا ہے کہ پروردگار IRC میں بننے والے اس “ادارۂ سلوُنی” کو شاندار ترقی عطا فرمائے اور اس سے مُنسلک تمام ذمہ داران کو مزید ہمت و طاقت عطا فرمائے۔ آمین
The post علامہ ابنِ حسن جارچویؒ اور ادارہ سلونی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


