شیعہ نیوز: صیہونی ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ سیکورٹی معاہدے کی تشکیل کے لئے، شامی باغیوں اور اسرائیل کے درمیان خفیہ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ اسرائیلی چینل “i24 نیوز” کے مطابق، حالیہ ہفتوں میں یہ بات چیت اس مرحلے تک پہنچ چکی ہے کہ مستقبل قریب میں مذکورہ معاہدے پر دستخط ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ شامی باغیوں کے سربراہ “ابو محمد الجولانی” کے قریبی ذرائع نے i24 نیوز کو خبر دی کہ مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ممکن ہے کہ یورپ کے کسی ملک میں شام–اسرائیل کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات ہو۔ جس کے ذریعے باضابطہ طور پر سیکورٹی معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ ممکنہ معاہدہ صرف سکیورٹی انتظامات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں ایک سفارتی ضمیمہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ ان ذرائع کا کہنا ہے ان مذاکرات کو آگے بڑھانے میں امریکی صدر “ڈونلڈ ٹرمپ” نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق، یہ بھی بعید نہیں کہ معاہدے پر دستخط، براہِ راست ابو محمد الجولانی اور اسرائیلی وزیراعظم “بنیامین نیتن یاہو” کی ملاقات کے موقع پر ہو۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شامی باغی حکومت کے وزیر خارجہ “اسعد حسن الشیبانی” نے کہا کہ دمشق کو امید ہے کہ سال 2025ء ختم ہونے سے پہلے تل ابیب کے ساتھ ایک سیکورٹی معاہدہ طے پا جائے گا۔ ان کے مطابق، یہ معاہدہ 1974ء میں فوجی جارحیت کے بعد بننے والی سرحدوں پر مبنی ہوگا اور اس میں صرف جزوی اصلاحات کی جائیں گی۔ اس معاہدے کی رو سے شام میں نئے قائم ہونے والے صیہونی بفر زون کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔ ان خبروں کے باوجود بنیادی اختلافات اب بھی موجود ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، تل ابیب نے دمشق کا یہ مطالبہ مسترد کر دیا کہ اسرائیل مکمل طور پر شامی سرزمین سے نکل جائے۔ i24 نیوز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج شاید صرف ان 9 میں سے چند مقامات سے ہی پیچھے ہٹے، وہ بھی اس شرط پر کہ شام کے ساتھ ایک محدود سیکورٹی معاہدے کی بجائے ایک جامع امن معاہدہ طے پائے۔
The post اسرائیلی میڈیا نے جولانی اور صیہونی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی خبر دیدی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


