شیعہ نیوز:فرانس میں مہنگائی، زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور تعلیمی مسائل کے خلاف ہفتے کے روز ملک گیر مظاہرے کیے گئے۔
فرانسیسی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ ان مظاہروں میں ملک بھر سے 4 لاکھ 10 ہزار افراد نے شرکت کی، جبکہ جنرل کنفیڈریشن آف لیبر (CGT) نے مظاہرین کی مجموعی تعداد تقریباً 8 لاکھ بتائی ہے، جن میں سے ڈھائی لاکھ افراد نے دارالحکومت پیرس میں احتجاج کیا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پیرس میں بدامنی پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، جبکہ متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔ دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔
پیرس کی سڑکوں پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ فرانس کے شہر لیون میں بھی دونوں فریقوں کے درمیان تصادم جاری رہا۔ اے ایف پی نے مزید بتایا کہ شہر تولوز میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایک نوجوان کے ہاتھ پر شدید چوٹ آئی۔ مختلف شہروں میں گزشتہ دو گھنٹوں سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں، جبکہ آنسو گیس کے استعمال کے باعث بعض مظاہرین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
پیرس میں احتجاج کرنے والے افراد نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے استعفے کا مطالبہ کیا اور ملک کو درپیش معاشی و تعلیمی بحرانوں کا ذمہ دار انہیں قرار دیا۔
اس سے قبل اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ وسطی فرانس کے شہر لیون میں پولیس نے یونیورسٹی کے قریب احتجاج کرنے والے طلبہ کے اجتماع کو آنسو گیس استعمال کرکے منتشر کر دیا۔ تقریباً 150 طلبہ اور نوجوان احتجاجی اجتماع منعقد کرنا چاہتے تھے، تاہم پولیس نے انہیں یونیورسٹی کے سامنے سے ہٹ جانے کا حکم دیا۔ بعض نوجوانوں کے انکار پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا
The post فرانس، مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف لاکھوں افراد کا احتجاج، پیرس میں پولیس سے جھڑپیں appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


