شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم کویت میں شیعہ اراکینِ پارلیمان، علماءِ دین، خطباء، اہلِ قلم اور سماجی شخصیات کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف مسلکی بنیادوں پر جاری امتیازی و جابرانہ اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ، مذہبی و مسلکی وابستگی کی بنیاد پر حوزۂ علمیہ کے استادِ سطحِ عالیہ آیت اللہ شیخ حسین معتوق حفظہ اللہ سمیت دیگر علمی، سیاسی و سماجی شخصیات کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی عدالتی احکامات کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ کسی شہری کو اس کے مذہبی تشخص اور مکتبِ اہلِ بیتؑ سے وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنانا صریح ناانصافی، شہری مساوات کی نفی اور مذہبی آزادی کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
کسی بھی معاشرے میں پائیدار امن و استحکام جبر، امتیاز اور خوف کے ذریعے نہیں، بلکہ عدل، قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے احترام سے قائم ہوتا ہے۔ بے گناہ شہریوں، علماء اور دینی شخصیات کو گرفتار کرنا اور انہیں مسلکی شناخت کی بنیاد پر دباؤ میں لانا اسلامی اقدار اور مروجہ قوانین کے منافی ہے۔
کویت کے شیعہ شہری اس ملک کی تاریخ، معاشرت اور قومی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ صدامی جارحیت کے دوران کویت کے دفاع اور آزادی کے لیے کویتی شیعہ قوم کی قربانیاں اور وطن سے اس کی وفاداری ناقابلِ فراموش ہیں۔ آج اسی قوم کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا انصاف، قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کے تقاضوں کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیوایم انجینئر حمید حسین کی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے قومی اسمبلی میں ملاقات
مجلس وحدت مسلمین کویتی حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، مسلکی امتیاز پر مبنی تمام اقدامات ختم کیے جائیں اور ہر شہری کے مذہبی، سیاسی اور آئینی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ہم مسلم علماء، دینی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومتوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں اور مظلوموں کے دفاع میں اپنا شرعی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ادا کریں۔
ہماری نظر میں مظلوم کی حمایت کسی سرحد یا مسلک کی پابند نہیں؛ یہ عدل و انسانیت کا تقاضا اور دینی ذمہ داری ہے۔ ہم کویت کے شیعہ برادران کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے، ان کی مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے اور ان کے جائز حقوق بحال کیے جائیں۔ اللہ تعالیٰ محمد و آلِ محمدؑ کے صدقے مظلوموں کی حفاظت فرمائے، گرفتار شدگان کی رہائی کے اسباب پیدا کرے اور تمام مسلم معاشروں کو عدل، امن اور اخوت کی توفیق عطا فرمائے۔
The post کویت میں شیعہ علماء و شخصیات کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں،علامہ سید شفقت حسین شیرازی appeared first on شیعہ نیوز پاکستان.


